جڑانوالہ 2 بچوں میں پولیو کی تصدیق‘ محکمہ صحت کی بوگس رپورٹ کا انکشاف
جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت)جڑانوالہ 2بچوں میں پولیو کی تصدیق نے محکمہ صحت کی کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو قطرے پلانے کی مبینہ بوگس رپورٹ تیار کرنے کا انکشاف اس وقت سامنے آیا جب جڑانوالہ میں 2بچوں میں پولیو کی تصدیق نے محکمہ صحت کی کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مکوانہ کی یونین کونسل 34 میں 18 ماہ کے بچے زین علی، یونین کونسل 29 کے گاؤں چک نمبر 96 گ ب کی پونے 4سال کی حرم میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جڑانوالہ کے 2بچوں میں پولیو کی تصدیق سامنے آنے پر محکمہ صحت کی تیار کردہ رپورٹ میں ملازمین کی مبینہ غفلت کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیو مہم میں کوتاہی و غفلت کے مرتکب ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔