سابق وزیراعظم نے بلوچستان کے بجائے لندن کے دورے زیادہ کیے,پاکستان کو فرسودہ نظام سے نکال کر اصل تبدیلی لائیں گے: عمران خان
وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں ژوب ڈبل کیرج وے اور بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا ہے کہ پرانے طریقے سے چلنے والے پاکستان نے ملک کو کنگال کردیا ہے، پاکستان کو فرسودہ نظام سے نکال کر اصل تبدیلی لائیں گے، سابق وزیر اعظم نے بلوچستان کے بجائے لندن کے دورے زیادہ کیے، مفادات کیلئے صوبے کو نظرانداز کیا گیا،پاک چین اقتصادی راہداری ایک گیم چینجر ہے یہ بلوچستان کو نہ صرف پورے پاکستان سے ملائے گا بلکہ تمام پسماندہ علاقوں کو جوڑے گا، ہمیں مغربی روٹ کو پہلے بنانا چاہیے تھا،بلوچستان میں سیاست صرف انتخابات جیتنے کے لیے ہوتی ہے۔ خوشی ہوئی ہے کہ ایک وزیراعلی ہے جوعوام کے لیے کام کررہاہے،پرامن بلوچستان کے پیچھے اداروں کی قربانیاں ہیں آج کا بلوچستان ماضی سے بہت بہتر ہے،بلوچستان پسماندگی اور تنازعات کا شکار رہاہے۔ بلوچستان کو ملکی ترقی کا ضامن بنائیں گے۔ جمعہ کو اپنے دورہ بلوچستان کے دوران وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ پہنچے، جہاں گورنر اور وزیر اعلی بلوچستان نے ان کا استقبال کیا۔ جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے گورنر،وزیر اعلی بلوچستان اور اہم وفاقی وزرا کے ہمراہ کوئٹہ کینٹ پہنچے، جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی ایوی ایشن بیس پر ان کا استقبال کیا۔بعد ازاں وزیر اعظم نے کوئٹہ ژوب روڈ اور بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا، اس دوران بلوچستان کی صوبائی قیادت اور آرمی چیف بھی موجود تھے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ خوشی ہے کہ بلوچستان کا وزیراعلیٰ اپنے دل میں عوام کا درد رکھتا ہے پاکستان میں تبدیلی کی سوچ ہے کہ ملک کو ترقی کے راستے پر چلاناہے۔ پرانے پاکستان نے پاکستان کو کنگال کردیا قرضوں پر چھ ارب روپیہ صرف سود دے رہے ہیں بلوچستان میں الیکشن جیتنے کی سیاست ہوتی ہے فیصل آباد ڈویژن کی نشستیں بلوچستان سے زیادہ ہیں۔ سابق وزیراعظم نے بلوچستان سے پانچ گنا زیادہ دورے لندن کے کئے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا مشکور ہوں کہ کارڈیک انسٹیٹیوٹ بنایا ہے جو بہت ضروری تھا۔ کوشش ہے فوج کے ساتھ مل کر کینسر کا ہسپتال بنائیں کوئتہ میں۔ کینسر اور دل کے علاج کیلئے تجربہ کار افراد کی ضرورت تھی سی پیک کے 305کلومیٹر مغربی روٹ کا افتتاح کیا ہے اس سے علاقے میں حقیقی معنوں میں تبدیلی آئے گی۔ مغربی روٹ کو پہلے بنانا چاہئے تھا تاکہ کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی ہو۔ یہ روٹ پاکستان میں تبدیلی لائے گا اس روٹ پر صنعتی زونز بنائیں گے جس سے ترقی ہوگی۔ کوئٹہ سے تافتان تک ریلوے لائن بچھانا چاہتے ہیں جس سے ایران سے تعلق ہوگا۔ کوئٹہ کا ماسٹر پلان بنانا نہایت ضروری ہے آبادیاں بڑھ رہی ہیں جس کے لئے بڑے شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں۔ پانی کا بڑا مسئلہ ہے جس کے لئے پلاننگ کریں گے۔ بلوچستان کے لوگوں کو خوف ہے کہ وہ اپنے علاقے میں اقلیت بن جائیں گے اس کے لئے مقامی افراد کو ہنر سکھائیں گے جس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ بلوچستان میں مضبوط بلدیاتی نظام کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اندر بلدیاتی نظام لارہے ہیں اس سے گاﺅں کی سطح تک عوام کی نمائندوں تک رسائی ہوگی۔