اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید، معاون خصوصی یار محمد رند اور دیگر وزرا اور پارٹی رہنما بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم آج دوپہر گوادر پہنچیں گے جہاں نیو گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
عمران خان گوادر ایکسپو میں شرکت کے ساتھ عمائدین شہر سے ملاقات اور گرین اینڈ کلین گوادر مہم کا بھی افتتاح کریں گے۔
وزیر اعظم دورہ گوادر کے موقع پر پاکستان اور چائنہ حکومت کے درمیان معاہدے، پاک چائنہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیوٹ، پاک چائنہ فرینڈشپ اسپتال کے عمل درآمد معاہدے پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان کے گوادر آمد پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ ایئر پورٹ سے جناح ایونیو، میرین ڈرائیو، استادعبدالمجید گوادری روڈ، گوادرپورٹ روڈ عام ٹریفک کیلئے بند کردیئے گئے۔جناح ایونیو، میرین ڈرائیو سمیت مختلف شاہراؤں پر پیدل چلنے کی بھی اجازت نہیں ۔وزیر اعظم 2 روز میں کوئٹہ، گوادر، کراچی ،گھوٹکی اور لاہور کا دورہ کریں گے۔