وفاقی نظامت تعلیمات کے 37مرد وخواتین ڈپٹی ہیڈ ماسٹرز کی گریڈ 18میں ترقی
اسلام آباد(نا مہ نگار) وفاقی نظامت تعلیمات کے 37مرد وخواتین ڈپٹی ہیڈ ماسٹرز کو گریڈ 18میں ترقی دے کر وائس پرنسپل کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے،ترقی پانے والوں میں 20مرد اور 17خواتین شامل ہیں۔وزارت کیڈ میں ایڈیشنل سیکرٹری کیڈ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات حسنات احمد قریشی ڈائریکٹر سکولز ثاقب شہاب اور دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں 37ڈی ایچ ایم کو ریگولر گریڈ 18میں ترقی دینے کی منظوری دی گئی ان میں 20مرد اور 17خواتین شامل ہیں اس طرح اب یہ ترقی پانے والے بطور وائس پرنسپل کے خدمات سر انجام دیں گے۔واضح رہے کہ میل کی 32پوسٹیں خالی تھیں جن پر صرف 20سینئر ڈی ایچ ایم کو ترقی دی گئی ہے،ترقی پانے والے تمام اساتذہ کو ایف جی ٹی اے کے صدر ملک امیر خان نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس سلسلے میں ڈی جی حسنات احمد قریشی اور ڈائریکٹر سکولز ثاقب شہاب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔