لیسکو چیف ایگزیکٹو کا لاہور چیمبر میں ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے مطالبے پر لیسکو کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے لاہور چیمبر میں ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے یہ اعلان لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید ،نائب صدر ذیشان اور ایگزیکٹو کمیٹی سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا، لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ نئے ٹرانسفارمر کی کاسٹ صنعتی صارفین ادا کرتے ہیں لیکن جب انہیں تبدیل کیا یا ہٹایا جاتا ہے تو لیسکو اس پر اپنی ملکیت کا دعوی کردیتا ہے جو نہیں ہونا چاہیے۔ انڈسٹری کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ ہے اس کے باوجود کچھ انڈسٹریل فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جو بند ہونی چاہیے۔ ذیشان خلیل نے کہا کہ شکایات سنٹرز صارفین کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہیں۔ اس موقع پر ( لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا کہ 485صنعتی فیڈرز لوڈشیڈنگ سے مستثنٰی ہیں جبکہ ایسے تمام انڈسٹریل فیڈرز جن پر گھریلو اور کمرشل لوڈ بھی شامل ہے ان کا لوڈ انڈسٹریل فیڈرز سے الگ کر دیا جائے گا۔ چیف ایگزیکٹو کے دورے کے موقع پرجی ایم آپریشن چوہدری محمد انور،کسٹمر سروسز ڈائریکٹر مجاہد سعید رانا، کنسلٹنٹ کسٹمر سروسز خالد مرزا بھی موجود تھے۔