دھوکے باز آسٹریلوی کرکٹرز سمتھ، وارنر پر ایک ایک سال، بینکر افٹ پر 9 ماہ کی پابندی
کینبرا(سپورٹس ڈیسک )کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ سکینڈل میں ملوث قومی ٹیم کے معطل کپتان سٹیو سمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک ایک سال کی پابندی عائد کر دی ہے ۔کیمرون بینکروفٹ کو نو ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ تینوں کھلاڑی پابندی کے عرصے کے دوران کسی بھی قسم کی کرکٹ میں ملک کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔بال ٹیمپرنگ کا واقعہ جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران کیپ ٹاؤن میں تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوران پیش آیا تھا۔سابق ٹیسٹ میچ امپائر جان ہولڈر کا بال ٹیمپرنگ کے حوالے سے کہنا ہے کہ کرکٹ پیسوں کا کھیل ہے اور کھلاڑی دھوکہ دہی کریں گے۔پاکستانی کھلاڑی پیسے بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ وارنر اور دیگر کھلاڑی میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ لیکن پاکستانی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سخت ترین سزا دی گئی۔ میرے خیال میں بہت بڑا تضاد ہے۔آئی سی سی کو ضرور اس پر غور کرنا ہو گا اور اس حوالے سے سزاؤں میں اضافہ کرنا ہو گا۔کھلاڑیوں کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ اگر وہ میچ میں ایسی حرکت کرتے ہیں تو کرکٹ میں ان کا مستقبل ختم ہو جائے گا۔ آسٹریلوی کرکٹ کے چیف جیمز ستھرلینڈ کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ ڈیرن لیہمن اس معاملے میں شامل نہیں تھے اور وہ اسی پوسٹ پر رہیں گے۔ آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا نے کہا کہ جن کھلاڑیوں پرکرکٹ آسٹریلیا نے پابندی لگائی ہے ہم بھی ان دو کھلاڑیوں پر اس سیزن کے لیے پابندی عائد کر رہے ہیں۔ راجستھان رائلز اور رائزرز حیدر آباد ان کھلاڑیوں کی جگہ دوسرے کھلاڑی لے سکتے ہیں۔