گندم بار دانہ کی تقسیم عدلیہ کی نگرانی میں کرائی جائے، آبادگار بورڈ
حیدرآباد( نمائندہ نوائے وقت) سندھ آباد گار بورڈ نے گندم کے بار دانہ کی مد میں اربوں روپے کی کرپشن کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کے کاشت کاروں میں گندم کے بار دانہ کی تقسیم عدلیہ کی نگرانی میں کرائی جائے۔ اس حوالے سے سندھ آبادگار بورڈ کے صدر عبدالمجید نظامانی، سید قرین شاہ ، محمود نداز شاہ ، ندیم شاہ جاموٹ اور دیگر نے حیدرآباد پریس کلب میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے رواں سیزن میں گندم کی خریداری کا ہدف14 لاکھ ٹن مقرر کیا گیاہے جس کے لئے ایک کروڑ 40 لاکھ گندم کی بوریاں کاشتکاروں کو دی جانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مختلف ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ سرکاری سطح پر اربوں روپے کے بار دانہ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ خدشہ ہے کہ ایک کروڑ40 لاکھ بار دانہ کی بوریوں میں سے 45 لاکھ بوریاں بالاہی بالا غائب کردی گئی ہیں جو کسی صورت میں گندم کے مراکز خریداری پر نہیں پہنچیں گی جب کہ اسی طرح لاکھوں بوریاں من پسند افراد کو دینے کا حکومتی سطح پر فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوڈ انسپکٹر کو حکم دیا گیا ہے کہ 25 فیصد بار دانہ حکومت جماعت کے منظور نظر بڑے کاشتکاروں کو دی جائیں گی اور 35 فیصد بار دانہ اعلیٰ افسران کے حوالے کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ باقی ماندہ 25 فیصد بار دانہ بمشکل چھوٹے کاشتکاروں میں تقسیم ہونے کے لئے بچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے تاحال گندم کے خریداری مراکز قائم نہیں کئے جس پر کاشتکاروں کو سخت تشویش ہے۔