کراچی میں میٹرک امتحانات، سخت گرمی اور بجلی بندش کے باعث طلبا کا برا حال
کراچی(نیوز رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت بدھ سے شروع ہونے والے میٹرک کے امتحانات کا پہلا روز ہی طلبا کے کڑے امتحان کا دن ثابت ہوا۔ شہر قائد کے ساڑھے تین لاکھ طلبا کے لئے قائم چار سو سے زائد امتحانی سنٹرز میں سے نصف سے زائدسنٹرز اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شکار رہے جبکہ گرمی کی شدت نے بھی اپنا رنگ جمائے رکھا۔ درجنوں امتحانی مراکز پر بجلی کی آنکھ مچولی‘ سخت گرمی اور حبس نے طلبہ کا برا حال کئے رکھا۔ نقل کا جن تمام تر اقدامات کے باوجود پہلے روز ہی بے قابو نظر آیا تاہم نقل یا غیرقانونی ذرائع استعمال کرنے کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔سیکنڈری بورڈ کی ویجلنس ٹیموں کے علاوہ چیئرمین بورڈ و دیگر نے اگرچہ بعض سنٹرز کا دورہ کیا تاہم صوبائی حکومت ان امتحانات سے عملاً لاتعلق نظر آئی۔ سکریٹری تعلیم اور ان کے عملے کے علاوہ وزیر اعلیٰ ہاوس کے محکمہ بورڈ اور جامعات کے حکام کی جانب سے بھی کسی امتحانی مراکز کا دورہ نہیں کیا گیا ۔ بورڈ کے مطابق پہلے دن صبح کی شفٹ میں نو بجے سے بارہ بجے تک سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹ ون کیلئے جنرل گروپ میں جنرل سائنس کا پرچہ جبکہ شام کو دوبجے سے پانچ بجے تک سائنس گروپ پارٹ ٹو مطالعہ پاکستان کاپرچہ ہوا۔ ان دونوں شفٹوں میں تمام پرچے وقت مقررہ پر شروع کئے گئے اور شیڈول کے مطابق وقت ہی پرختم ہوئے۔ اس دوران مختلف ویجیلینس ٹیموں نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا جبکہ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر سعید الدین نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے صحافیوں کے ہمراہ ابراہیم علی بھائی نارتھ ناظم آباد بلاک آئی اور گورنمنٹ کمپری ہینسو گرلز اسکول بلاکMکے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر امتحانی مراکز کی نگرانی کرنے والے عملے ، سینٹر سپرنٹنڈنٹس اور دیگرافسران سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ نقل کرنے اور کرانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، آپ کسی بھی امیدوار کو بغیر شناخت کے امتحانی مراکز میں داخل نہ ہونے دیں۔ انہوں نے اس موقع پر سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو خصوصی ہدایت دی کہ وہ امتحانات کے دوران شدید گرمی ہونے کے باعث طلباء و طالبات کیلئے پانی کا بندوبست ضرور کریں۔پیک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر سید شہزاد اختر نے کہا ہے کہ نقل کی روک تھام میں پیک پرائیویٹ اسکولز میٹرک بورڈ کے ساتھ کھڑا ہے۔ قبل ازیں پیک کے وفد نے سید شہزاد اختر کی سربراہی میں بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین ڈاکٹر سعید اور کنٹرولر خالد احسان سے ملاقات کی ہے۔ وفد میں ممبر بورڈ غلام عباس بلوچ،غلام محی الدین، شاہجہاں خان، نصیر الدین ، ملک سجاد موجود تھے۔ ملاقات میں وفد نے میٹرک امتحانات میں نقل کی روک تھام سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ صدر پیک نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کم کرنے کیلئے اقدامات کریں کیونکہ شدید گرمی کے باعث بچوں کو امتحان دینے میں شدید دشواری کا سامنا ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر غلام عباس بلوچ نے ڈاکٹر سعید کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ میٹرک بورڈ میٹرک امتحانات میں پچھلے سال سے بہتر اقدامات کرے گا۔