چیف جسٹس کا سندھ ہا ئیکو ر ٹ ججز کے بارے میں بیا ن نا منا سب تھا ، کراچی بار
کراچی (اسٹاف رپو رٹر) کراچی بار کے صدر حیدر امام رضوی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے ججز کے بارے میں دیا گیا بیان نامناسب تھا ۔ چیف جسٹس کے اس بیان کے بعد چاروں صوبوں میں بے چینی پھیلی ۔ چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے 18 ویں آئینی ترمیم کے خلاف بیان دینا بھی قابل افسوس ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو کراچی بار میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ پشاور بار کی پریس کانفرنس میں جو بات کی گئی ، ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں کیونکہ عدلیہ پر بہت ساری انگلیاں اٹھ رہی ہیں ۔ ان کا جواب دینا ہمارا کام ہے ۔ اسی سلسلے میں ہم 7 اپریل کو آل پاکستان لائر کانفرنس کا انعقاد کراچی بار میں کریں گے ۔ اس کانفرنس میں ملک کے مختلف بار ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا ۔ صدر بار کراچی ایسوسی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد ہمارے سسٹم پر انگلیاں اٹھیں ۔ سینیٹ انتخابات نے جمہوری عمل کو کمزور کیا ۔ سینیٹ انتخابات کو دیکھ کر یہ محسوس ہو رہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات شفاف کیسے ہوں گے ۔ صدر بار کراچی ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ سینیٹ انتخابات کی تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ آئندہ انتخابات پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے ۔