ذاتی مقاصد کیلئے قومی اداروں کو بے توقیر کرنا ملک دشمنی ہے‘ ضیاء عباس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاسست دان اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ ذاتی اور سیاسی مقاصد کے لیے قومی اداروں کو بے توقیر کرنا ملک کے ساتھ دشمنی ہے۔ ووٹ کی عزت کی بات کرنے والوں کو ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کرنے اور عوام کو انصاف فراہم کرنے والے اداروں کو بھی احترام کرنا چاہئے۔ دھونس دھاندلی اور دبائو کی سیاست اب زیادہ دیر چلنے والی نہیں ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے والوں کا انجام قریب ہے۔ ہر ایک کو اپنے کئے کی سزا بھگتنی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر راجپوت برادری کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی جس کی قیادت رائو نبیل خان کر رہے تھے ۔ سید ضیاء عباس نے کہا کہ الزام در الزام کا وقت گذر چکا اب سزا اور جزاء کا عمل شروع ہو گا۔ آئندہ عام انتخابات میں عوام کو باشعور ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے بدعنوان سیاستدانوں کو مسترد اور ایماندار قیادت کو سامنے لانا ہو گا۔