زکریا یونیورسٹی طالبہ زیادتی کیس مرکزی ملزم کی ضمانت منظور
ملتان (سپیشل رپورٹر) ملتان ہائیکورٹ ملتان بینچ نے زکریایونیورسٹی زیادتی کیس میں مرکزی ملزم کی ضمانت منظورکرتے ہوئے 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پررہاکرنے کا حکم دیا ہے۔ فاضل عدالت میں ملزم محمد اجمل مہار نے درخواست دائرکی تھی کہ زکریایونیورسٹی کی طالبہ مرجان نے 31 جنوری کو ویمن سنٹر میں مقدمہ درج کرایاکہ اس کوزیادتی کا نشانہ بنانے کے ساتھ اس کی ویڈیو فلم بنائی اور بلیک میل کرنے کے ساتھ جنسی طورپرہراساں بھی کیاگیا ہے درخواست گذارکی جانب سے وکیل سردار خرم لطیف کھوسہ نے دلائل دئیے کہ ایف آئی آر میں وقوعہ کا وقت ،مقام اور تاریخ درج نہیں ہے اور مقدمہ وقوعہ کے کافی عرصہ بعددرج کرایا گیا ہے اور کوئی ڈی این اے رپورٹ بھی نہیں ہے اور نہ ہی درخواست گذار سے کوئی ویڈیو برآمد ہوئی ہے اس کے ساتھ درخواست گذار ملزم کی جانب سے مدعیہ کو موبائل میسج تک ریکارڈ پر موجود نہیں ہے اور بلیک میلنگ کا الزام تک ثابت نہیں ہوتا ہے اس لئے ملزم کو ضمانت پررہا کرنے کا حکم دیا جائے۔