وزیراعظم سے ملاقات کے بعد معاملات جلد حل ہونگے‘ انشاء اللہ اب کچھ نہیں رکے گا: چیف جسٹس ثاقب نثار
اسلام آباد (این این آئی+ صباح نیوز+ آئی این پی) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات پر تیزی سے کام ہورہا ہے، وزیراعظم سے گزشتہ روز کی ملاقات کے بعد معاملات جلدی حل ہوں گے، انشاء اللہ اب کچھ نہیں رکے گا۔ بدھ کو چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اسلام آباد میں ہسپتالوں سے دوائوں اورآکسیجن کی چوری پر ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت کیڈ نے عدالت کے حکم پر من و عن عمل کیا، سربراہوں کی تقرری کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو سمری بھیج دی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے عدالتی احکامات پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ کل کی میٹنگ کے بعد معاملات جلدی حل ہوں گے۔ انشاء اللہ اب کچھ نہیں رکے گا۔ درخواست گزار نے کہا کہ انتظامی عہدوں پر بھی ڈاکٹروں کو لگا دیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میرے خیال سے صحت کے شعبے کے سیکرٹری سمیت انتظامی معاملات پر ڈاکٹرز ہی ہونے چاہئیں۔ حکومت کو کام کرنے دیں۔ بعد میں دیکھیں گے اچھے لوگ لگائے گئے کہ نہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ انشاء اللہ اب کوئی سمری نہیں رکے گی۔ وزیراعظم سے گزشتہ روز کی ملاقات کے بعد معاملات میں تیزی سے پیشرفت ہو گی۔ ہسپتالوں کے سربراہان کی تقرری کے سلسلے میں ہمیں مثبت پیشرفت چاہئے۔ اگر تاخیر ہوئی تو سربراہان کے طور پر اچھے لوگوں کی تقرری خود کر دیں گے، اس کے بعد مستقل تقرری آئندہ حکومت کر لے گی۔ بعدازاں سمری منظوری کی یقین دہانی پر عدالت نے سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔