سی پیک کے بیشتر منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں: چینی سفیر
اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان میں چینی سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ دوطرفہ شعبہ ابلاغ کے تبادلے مضبوط دوستی کیلئے خوش آئند ہیں،ایف ایم 98دوستی چینل عوام الناس کیلئے دو طرفہ ثقافت کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ چائنہ ریڈیو انٹر نیشنل کے مطابق پاکستان میں چینی سفیر یائو جنگ نے چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل اور براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے باہمی اشتراک سے قائم کردہ دوستی ایف ایم 98کا دورہ کیا اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوطرفہ شعبہ ابلاغ کے تبادلے مضبوط دوستی کیلئے خوش آئند ہیں،ایف ایم 98دوستی چینل عوام الناس کیلئے دو طرفہ ثقافت کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے، اس نوعیت کے اقدامات اور براہ راست عوامی روابط سے دونوں ممالک کی دوستی مضبوطی کی نئی مثال قائم کرے گی۔ چینی سفیر نے کہا کہ ایف ایم 98 دوستی چینل پاکستان اور چین کے مابین دوستی کے پل کا کردار ادا کر رہا ہے ،یائو نے مزید کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہئے،پاک چین دوستی کی سر بلندی کے لئے ہمیں اور زیادہ محنت اور لگن سے دن رات کام کرنا ہو گا۔ یائو نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں 20 مختلف منصوبوں میں سے بیشتر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، چین نے ان منصوبوں پر 19 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی ہے جو پاک چین دوستی کی منہ بولتی تصویر ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان نے شفقت جلیل نے کہا کہ ہمیں چین اور پاکستان کے مابین مضبوط تعلقات پر فخر ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط تر ہوتے رہیں گے۔