سروسز ہسپتال میں پولیس اہلکار کی ہلاکت، لواحقین کا پریس کلب کے باہر مظاہرہ
لاہور (کامرس رپورٹر) سروسز ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز اور عملہ کے مبینہ تشدد سے ہلاک ہونیوالے موٹروے پولیس کے ملازم سنیل سلیم کے لواحقین نے لاہور پریس کلب کے باہر قاتلوں کے عدم گرفتاری پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور عندیہ دیا ہے کہ اگر قاتل گرفتار نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر کی مسیحی برادری میں پھیلا دیا جائے گا ۔مظاہرے کی قیادت مقدمہ کے مدعی انیل سلیم کر رہے تھے جس میں مسیحی برادری کی بڑی تعداد وکلاء سول سوسائٹی اور علامہ حیدری نے شرکت کی اس موقع پر مظاہرین نے پریس کلب کے باہر کئی گھنٹے تک ٹریفک چاروں اطراف سے روکی رکھی اور ینگ ڈاکٹرز کیخلاف قاتل قاتل ڈاکٹرز قاتل، قاتل ڈاکٹرز ہائے ہائے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے کے فلک شگاف نعرے لگائے۔