جہیز کی رقم میں کرپشن پر سابق سیکرٹری سندھ ورکرز بورڈ سمیت 7 افسروں کو قیدو جرمانہ
کراچی(صباح نیوز)جہیز کی رقم میں کرپشن پر سابق سیکرٹری سندھ ورکرز بورڈ سمیت 7سرکاری افسران کو قید اور جرمانے کی سزا سنادی گئی۔ کراچی میں احتساب عدالت نے غریب مزدورں کی بیٹوں کے لئے دی گئی جہیز کی رقم میں خورد برد سے متعلق ریفرنس کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے سندھ ورکرز بورڈ کے سابق سیکرٹری سمیت 7ملزموں کو سزا سنادی۔احتساب عدالت نے سابق سیکرٹری سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ صلاح الدین مغل کو 10 سال قید اور 15 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی۔ دوسرے مجرم محمد عرفان کو بھی 10سال قید اور 15لاکھ جرمانے کی سزا سنادی۔ دیگر مجرمان مدد علی شیخ، محمد وسیم، غلام مصطفی، محمد انیس اور ظفر اقبال کو 7، 7 سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ پانچ پانچ لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔قومی احتساب بیورو (نیب)نے بتایا کہ مجرموں نے غریب مزدوروں کی بچیوں کے لئے دیئے گئے فنڈز میں کرپشن کی۔ مجرموں نے جعلی اور بوگس دستاویزات سے مجموعی طور پر 3کروڑ روپے سے زائد کی رقم خورد برد کی۔