بلوچستان کے نام پر ٹیسٹ ٹیوب جماعت پیدا کرنے کی کوشش ہو رہی ہے: طلال چودھری
اسلام آباد(نا مہ نگار) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نام پر آج ایک بار پھر ٹیسٹ ٹیوب سیاسی جماعت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق وزیر اعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات کا سینئر قیادت خصوصاً محمد نواز شریف کو علم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ پھر بلوچستان کے نام پر ٹیسٹ ٹیوب سیاسی جماعت پیدا کرنے کی کوشیش کی جارہی ہیں۔بلوچستان جسے استحکام اور حقیقی قیادت کی ضرورت ہے وہاں مصنوعی قیادت پیدا کر کے حقیقی قیادت کو غداری کے تمغے دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بڑی مشکل سے ایسے حالات پیدا کئے گئے ہیں کہ وہاں پاکستان کا پرچم لہرائے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ایسی سوچ کے لوگ ہیں جنہیں سنجرانی وارا کھاتے ہیں، ان لوگوں کو نواز شریف جیسی حقیقی قیادت چبھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس پارٹی کے مائی باپ کا بھی پتہ نہ ہو اس کی پاکستان میں کیا حیثیت ہو گی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ جو یہ سوچ رہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر ہو گی یا نہیں ہوں گے وہ سیاست دانوں یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کا نقصان نہیںکرے گا بلکہ وہ پاکستان کا نقصان کرے گا، پاکستان اس وقت نازک مرحلے سے گزر رہا ہے۔