پی پی 20 انتخابی ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس میں حمزہ شہباز و دیگر کو نوٹس جاری
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے حلقہ پی پی بیس چکوال میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر حمزہ شہباز، طاہر اقبال، سردار ذوالفقار اور چوہدری خورشید بیگ کو نوٹسز جاری کر دئیے، جبکہ رکن صوبائی اسمبلی سلطان حیدر کی جرمانے کے خلاف دائر اپیل منظور کر لی ہے۔بدھ کو الیکشن کمیشن میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی بیس چکوال میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق معاملے پر ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سماعت کی ، جس میں سلطان حیدر کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو ئے ،سلطان حیدر کے وکیل نے کہا کہ حمزہ شہباز حلقے کے قریب ایک شادی ہال کا افتتاح کرنے آئے تھے جس پر سلطان حیدر کے مد مقابل امیدوار چوہدری عمران قیصر نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ شادی ہال جس علاقے میں موجود ہے وہ پی پی بیس کا حصہ ہے۔ سلطان حیدر کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کا لاکھوں کا جلسہ ہوا مانیٹرنگ ٹیم کو نظر نہیں آیا‘ شادی ہال کا افتتاح نظر آگیا۔ الیکشن کمیشن نے انیس اپریل تک سماعت ملتوی کر دی۔