شیخ زید ہسپتال میں مفت غذائی مشورے فراہم کرنے کیلئے کیمپ کا انعقاد
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان بھر میں مارچ 2018 کو غذائی مہینے کے طور پر منایا جا رہا ہے، شیخ زاید ہسپتال لاہور میں بھی اسی مناسبت سے عوام الناس میں متوازن غذاء کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور مفت غذائی مشورے فراہم کرنے کیلئے مفت کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ جس کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چیئرمین اینڈ ڈین شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس نے کیا۔غذائی کیمپ میں شیخ زاید ہسپتال کے ماہرین نے 500 سے زائد لوگوں کا جدید آلہ جات کی مدد سے وزن، قد، بی ایم آئی، بلڈ پریشر، بلڈ شوگر، بی ایم ڈی، پٹھوں کی طاقت کو جانچنے کے ساتھ جسم میں موجود چربی کا تناسب بھی چیک کیا۔ علاوہ ازیں عوام الناس کی مفت غذائی سکریننگ کی اور متوازن غذا ء کے بارے میں مفت مفید مشورے دئیے اور مفید معلوماتی پمفلٹ بھی تقسیم کیے ۔پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چیئرمین اینڈ ڈین نے نیوٹریشن ڈے کے موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں عوام الناس کی صحت اور بہبود کیلئے انتہائی ضروری ہیں۔