ترک صدر عبداللہ گل 2روزہ دورے پر کل پاکستان آئیں گے

29 مارچ 2010
اسلام آباد (ثناءنےوز/ آئی این پی) ترکی کے صدر عبداللہ گل دو روزہ دورے پر کل منگل کو پاکستان آئیں گے۔ دونوں ملکوں کے تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہو گی۔ انقرہ میں پاکستانی سفیر طارق عزیز الدین نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاع کے شعبے میں بھی تعاون بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایف 16 لڑاکا طیاروں کی اپ گریڈیشن ترکی میں کی جائے گی اور دو تین سالوں کے دوران تمام ایف 16 (بنیادی اور جدید ماڈلز ) اپ گریڈ کر دیئے جائیں گے۔ اس دورے کے لئے وزیر داخلہ رحمان ملک کو وزیر مہمان داری مقرر کیا گیا ہے۔ عبداللہ گل کو صدر زرداری پاکستان کا سب سے بڑے سول اعزاز نشان پاکستان سے نوازیں گے جبکہ قائداعظم یونیورسٹی انہیں بین الاقوامی تعلقات کی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دے گی۔ صدر عبداللہ گل صدر اور وزیراعظم کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کے لئے ساتھ ساتھ لاہور کا دورہ بھی کرینگے جہاں وزیراعظم ان کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے۔