پانچویں قومی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ زرعی ترقیاتی بنک نے جیت لی

29 مارچ 2010
ملتان (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ویمن ونگ کے زیر اہتمام پانچویں قومی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ 2010ءکے فائنل میچ میں زرعی ترقیاتی بنک نے کراچی ریجن کو182 رنز سے شکست دیکر پہلی بار نیشنل ویمن چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زیڈ ٹی بی ایل نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔ ثناءمیر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے11 چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے عروج ممتاز نے 60‘ بسمہ معروف 37‘ نین عابدی 32 اور جویریہ خان نے 20 رنز بنائے۔ اضافی 41 رنز بنے۔ کراچی ریجن کی جانبسے باولنگ میں عمدہ باو¶لنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شمائلہ قریشی اور کنول ناز نے 4, 4 وکٹیں حاصل کیں کپتان کائنات امتیاز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بعد میں کھیلتے ہوئے کراچی ریجن کی پوریٹیم 35.4 اوورز میں 110 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ رابیعہ شاہ نے 39‘ رمیزا سلطان نے 14 اور طیبہ بشیر نے 11 رنز بنائے کپتان کائنات امتیاز 6 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہیں۔ اضافی 21 رنز بنے‘ زیڈ ٹی بی ایل کی جانب سے عمدہ باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان ثنا میر نے 3‘ اسماویہ اقبال اور کانتہ جلیل نے 2, 2 عروج ممتاز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ وومن آف دی میچ زیڈ ٹی بی ایل کی کپتان ثنا میر قرار پائیں جنہوں نے 75 رنز بنائے اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ایمپائرنگ اکرم رضا اور کوثر شاہ نے کی۔ میچ ریفری جاوید ملک تھے جبکہ سکورننگ ذوالفقار زلفی نے کی۔ دریں اثناءمہمان خصوصی بیگم وائس چانسلر جامعہ زکریا ملتان ذکیہ ظفر اﷲ نے کھلاڑیوں میں ونر اور رنر اپ ٹرافیوں کے علاوہ شیلڈ اور چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر منیجر وومن کرکٹ ونگ (پی سی بی) عائشہ آشعر‘ زیڈ ٹی بی ایل (کے ایس ایس ایل) کے ایم ڈی نجم سعید اختر‘ مس عائشہ‘ عمر شاہد‘ ملتان کرکٹ سٹیڈیم کے منیجر زاہد خان برکی‘ ریجنل چیف کیویٹر‘ بشیر کاردار ودیگر موجود تھے۔