ہمارا کراچی کار ریس حادثے کے بعد ملتوی کر دی گئی

29 مارچ 2010
کراچی (نیٹ نیوز) ہمارا کراچی فیسٹیول کے سلسلے میں ہونے والی کار ریس سڑک پر آئل پھیل جانے کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ۔ ہمارا کراچی فیسٹیول کے سلسلے میں نارتھ ناظم آباد ٹاﺅن میں دو کلو میٹر پر محیط کار ریس کا انعقاد کیا گیا ریس میں 60 ڈرائیورز شریک تھے جنہیں تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا۔ ایک کیٹیگری میں 1300 سی سی تک کی گاڑیاں شامل تھیں۔ دوسری کیٹیگری میں دو ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کو رکھا گیا جبکہ اس کے علاوہ اوپن کیٹیگری میں بھی ڈرائیورز شریک تھے۔ ڈرائیورز ایک ایک کرکے منزل تک پہنچتے رہے لیکن اسی دوران 32 نمبر کی گاڑی تیز رفتاری کی وجہ سے توازن برقرار نہ رکھ سکی، اس گاڑی میں سوار ڈرائیور اشرف زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا۔ حادثے کی وجہ سے سڑک پر تیل پھیل گیا جس کی وجہ سے ریس ملتوی کر دی گئی ، نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔