امریکہ کی ہاں میں ہاں ملانے کی پالیسی ترک کر دی جائے : برطانوی پارلیمنٹ

29 مارچ 2010
لندن (نیٹ نیوز) برطانوی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے کہا ہے کہ عراق جنگ نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں اہم سبق سکھایا ہے اور یہ کہ واشنگٹن کی ہاں میں ہاں ملانے کی پالیسی ترک کرنا ہو گی جبکہ جہاں قومی مفاد ٹکرائے ”نہ“ کر دینی چاہئے۔ دارالعوام کی خارجہ امور سے متعلق سلیکٹ کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ اور امریکہ کے درمیان خصوصی تعلقات کی گردان ختم کرنا ہو گی۔ برطانیہ امریکہ سے قربت ضرور رکھے مگر ہر معاملے میں ہاں کرنے کے بجائے اپنے مفاد کے مطابق ”نہ“ بھی کرے اور اس حقیقت کو تسلیم کیا جائے کہ عالمگیریت اور طاقت کا بدلتا توازن دونوں ملکوں کے تعلقات کو بھی ناگزیر طور پر متاثر کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر مخالفت کے باوجود عراق جنگ کی وجہ سے برطانیہ کا تاثر واشنگٹن کے پالتو کے طور پر ابھرا اور یہ تاثر برطانیہ کے مفادات اور ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔