دباﺅ کے باوجود ایران مزید ایٹمی پلانٹس بنا رہا ہے : عالمی اسلحہ انسپکٹر

29 مارچ 2010
تہران(آئی این پی+ثناءنیوز) عالمی تنظیم کے انسپکٹرز نے کہا ہے کہ ایران دو مزید خفیہ ایٹمی پلانٹس بنا رہا ہے۔ ایک امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ نیوکلیئر پلانٹس پہاڑوں کے اندر تعمیر کئے جائیں گے تاکہ بیرونی حملوں سے محفوظ رہیں۔ اخبارکے مطابق ایرانی ایٹمی انرجی آرگنائزیشن کے سربراہ علی اکبر صالحی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ صدر محمود احمدی نژاد نے انھیں جلد از جلد دونئے ایٹمی پلانٹس پر کام شروع کرنے کا حکم دیا ہے جس کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ایرانی حکام کی جانب سے مزید ایٹمی بجلی گھر تعمیر کئے جانے کے اعلان کے بعد عالمی انسپکٹر اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ایران کن مقامات پر ایٹمی پلانٹ تعمیر کر رہا ہے ۔ عالمی انسپکٹروں کا خیال ہے کہ مزید پابندیاں لگائے جانے کے موقع پر ایران مختلف مقامات پر یورینیم افزدہ کرنے کے 4 پلانٹس کی تعمیر شروع کر دے گا ۔