کراچی میں 6 گھنٹے پولیس مقابلہ‘ رزاق کمانڈو فرار‘ ساتھی خواتین سمیت 7 گرفتار

29 مارچ 2010
کراچی (کرائم رپورٹر) ماڑی پور کے علاقے مواچھ گوٹھ میں پولیس نے زبردست مقابلے کے بعد تین عورتوں سمیت سات مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا‘ اسلحہ اور شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں تاہم خطرناک ملزم رزاق کمانڈو پولیس کا گھیرا توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس اور رینجرز سے ملزموں کا مقابلہ چھ گھنٹے سے زائد جاری رہا ۔ اس دوران مواچھ گوٹھ کا علاقہ فائرنگ کی آوازوں سے گونجتا رہا جبکہ علاقے کے مکین گھروں میں محصور رہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے آپریشن میں رینجرز نے بھی حصہ لیا۔ پولیس نے منشیات فروشی‘ اغواءبرائے تاوان زمینوں پر ناجائز قبضے اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ملزم رزاق کمانڈو کی گرفتار کیلئے اتوار کی دوپہر مواچھ گوٹھ میں اس کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا تھا جس پر رزاق کمانڈو اور اس کے ساتھیوں نے مکان کے اندر مورچہ بند ہوکر فائرنگ شروع کر دی جو اب میں پولیس نے بھی زبردست فائرنگ کی اور رینجرز کی مدد بھی حاصل کی گئی۔ تاہم اسے رزاق کمانڈو کے ٹھکانے پر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے چھ گھنٹے تک شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد سات ملزمان کو گرفتار کیا گیا پولیس کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ میں پستول اور رائفلوں کے علاوہ تین دستی بم بھی شامل ہیں جبکہ مکان سے دیسی شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئی ہےں۔ رزاق کمانڈو جو لیا ری گینگ وار کے اہم کردار ارشد پپو کا قریبی ساتھی ہے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق رزاق کمانڈو منشیات فروشی اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے علاوہ زمینوں پر ناجائز قبضے میں بھی ملوث ہے۔