پاکستانی ثقافت اور مصنوعات کے فروغ کیلئے جاپان میں دو روزہ نمائش

29 مارچ 2010
ٹوکیو (اے پی پی) پاکستانی ثقافت ، مصنوعات ، کھانوں اور دستکاری کے فروغ کیلئے جاپان میں دو روزہ پاکستان نمائش کا آغاز ہو گیا۔ جاپان میں پاکستان کے سفیر نور محمد جادمانی نے ٹوکیو کے مشہور ائینو پارک میں نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس نمائش کے انعقاد کا مقصد پاکستان کے اہم ترقیاتی شراکت دار اور قابل اعتماد دوست ملک میں پاکستان کی ثقافت ، دستر خوان، موسیقی اور دستکاری کو بھرپور انداز میں متعارف کرانا ہے تاکہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا جا سکے۔ پاکستان نمائش میں ثقافتی طائفہ نے جھومر، کتھک، سمی، بھنگڑا، کلاش اور خٹک ڈانس کا مظاہرہ کیا جبکہ معروف ستار نواز نفیس احمد نے پاکستان کے لوک گیتوں کی دھنیں پیش کیں۔ اس موقع پر جاپانی رقصاﺅں نے پاکستان کے ثقافتی لباسوں میں علاقائی رقص بھی پیش کئے۔ نمائش کا اہم اور دلچسپ ایونٹ شادی کی تقریب تھی جس میں دلہا دلہن نے روایتی لباس پہن رکھے تھے اور شادی بیاہ کے گیت اور رقص نے تقریب کو مزید دلچسپ بنا دیا۔ نمائش میں پاکستانی کھانوں، دستکاری اور دیگر مصنوعات کے سٹال بھی لگائے گئے جو حاضرین کی دلچسپی کا مرکز رہے۔