ہاکی کی سلیکشن کمیٹی اور نئی ٹیم مینجمنٹ کا اعلان آج ہوگا

29 مارچ 2010
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا ۔ اجلاس میں پاکستان ہاکی ٹیم کی نئی ٹیم مینجمنٹ سمیت سلیکشن کمیٹی کے ارکان کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءنے پہلے ہی پی ایچ ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کے لئے ٹیکنوکریٹس اور ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اولمپین منظور جونیئر، اسد ملک اور کرنل (ر) ظفر احمد ظفری ٹیکنوکریٹس جبکہ کلیکٹر کسٹمز پریوینٹیو فتح محمد اور ڈائریکٹر جنرل آرمی سپورٹس اپنے اپنے اداروں کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس میں قومی کھیل کے فروغ کے لئے ڈویلپمنٹ پلان پر بات ہو گی۔ ورلڈکپ میں عبرتناک شکست پر قومی ٹیم کے کوچ شاہد علی خان کی رپورٹ زیر بحث لائی جائے گی اور مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ 18رکنی ایگزیکٹیو بورڈ کے ارکان میں صدر پی ایچ ایف قاسم ضیائ، نائب صدور نواب لشکری رئیسانی، سعید خان، واسع جلیل، بیرسٹر شاہدہ جمیل، سیکرٹری محمد آصف باجوہ، ایسوسی ایٹ سیکرٹری رانا مجاہد علی، خزانچی خالد رسول، سیکرٹری سرحد سید ظاہر شاہ، سیکرٹری سندھ راﺅ سلیم، سیکرٹری بلوچستان فاروق احمد، صدر پی ایچ ایف ویمنز ونگ خوشبخت شجاعت، ٹیکنوکریٹس منظور جونیئر، اسد ملک، کرنل (ر) ظفر احمد ظفری، کلیکٹر کسٹمز پریوینٹیو فتح محمد اور ڈائریکٹر جنرل آرمی سپورٹس شامل ہیں۔