ٹونٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج شروع ہوگا

29 مارچ 2010
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ٹوٹنی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے میگا ایونٹ کے لیے 15 رکنی سکواڈ کے علاوہ ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔ اعلان کردہ زیادہ تر کھلاڑیوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گذشتہ روز کوچ وقار یونس کو رپورٹ کر دی تھی۔ ریزرو کھلاڑیوں میں سے نوید یاسین کے زخمی ہونے کے بعد ان کی جگہ احمد شہزاد کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کر لیا گیا ہے۔ شاہد خان آفریدی کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ کیمپ میں بلائے گئے کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، سلمان بٹ، خالد لطیف، عمر اکمل، فواد عالم، مصباح الحق، عبدالرزاق، یاسر عرفات، عامران اکمل، حماد اعظم، سعید اجمل، عمر گل، محمد عامر اور محمد آصف شامل ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں شاہ زیب حسن، محمد سمیع، رضا حسن، احمد شہزاد اور سرفراز احمد شامل ہیں۔ ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 30 اپریل سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگا ۔