ہملٹن ٹیسٹ : نیوزی لینڈ کی ٹیم 264 پر آوٹ‘ آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 35 رنز بنا لئے

29 مارچ 2010
ہملٹن (اے پی پی) آسٹریلوی پیسرز کی تباہ کن باولنگ، ہملٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے سکور 231 کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی پہلی اننگز میں 33 رنز کی برتری کے ساتھ 264 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ روس ٹیلر نے شاندار 138 رنز کی اننگ کھیلی اور اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے میچل جانسن نے4، جبکہ ہیرس اور بولینگر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں آسٹریلیا نے کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگ میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنا لئے اس طرح اسے 2 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ واٹسن 28 اور کیٹچ 6 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں۔ اتوار کو ہملٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگ 19 رنز ایک کھلاڑی آوٹ پر دوبارہ شروع کی تو واٹلنگ 6 اور سنکلئیر 8 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ سنکلئیر 11 کے مجموعی سکور پر جانسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ واٹلنگ اور روس ٹیلر نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 84 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 114 رنز تک پہنچا دیا واٹلنگ 4 رنز کے فرق سے نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور بولینگر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ مارٹن گپٹل 4 اور وٹوری 15 رنز بنا کر آوٹ ہوئے دنوں کی وکٹیں ہیرس نے لیں۔ میک کلم 5 اور پٹیل 7 رنز بنانے کے بعد جانسن کا شکار بنے روسی ٹیلر 236 کے مجموعی سکور پر 138 رنز کی دلکش اننگ کھیلنے کے بعد آوٹ ہوئے ان کی اننگ میں 4 چھکے اور 19 چوکے شامل ہیں۔ آرنل 7 اور مارٹن بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے اس طرح نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 63.3 اوورز میں 264 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی طرف سے جانسن نے 4، ہیرس اور بولینگر نے 3-3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا آسٹریلوی اوپنرز نے دوسری اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا دوسرے روز کھیل کے اختتام تک کسی نقصان کے بغیر 35 رنز بنا لئے واٹسن 28 اور کیٹچ 6 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں۔ آسٹریلیا کو 2 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔