کرونا سے وفات پانیوالے ملازمین دلوں میں بستے ہیں،چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد(وقائع نگار)سی ڈ ی اے کے چیئرمین، بورڈ ممبران،افسران اور ملازمین نے کرونا وائرس کے باعث سی ڈ ی اے کے افسران و ملازمین کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔سی ڈی اے انتظامیہ،افسران و ملازمین نے ان کی ادارے اور شہر کے لیے خدمات کو سراہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ وفات پانے والے افسران و ملازمین سی ڈی اے کا حصہ تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔ مرحوم افسران اور ملازمین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے سی ڈی اے انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پسماندگان کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ادارہ تمام اقدامات اٹھائے گا۔ اس ضمن میں چیئرمین سی ڈی اے نے تمام متعلقہ شعبوں بشمول ایچ آر ڈی ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ قوانین کے مطابق مرحوم افسران و ملازمین کے خاندانوں کو سہولت فراہم کی جائے۔ ہیومن ریسورس ڈائریکٹوریٹ کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس ضمن میں ایک ہفتہ کے اندر تمام قواعد و ضوابط کو مکمل کرے۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے کے ملازمین جو ان مشکل حالات میں بھی کام کر رہے ہیں انکی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہاکہ کرونا وائرس سے بچا کے لیے ملازمین ایس او پیز پرسختی سے عمل درآمد کریں۔ مزید برآں کوشش کی جائے گی کہ فوت شدگان کے پسماندگان کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔