"گولڈن ایج" یونیورسٹی رینکنگز میںقائد اعظم یونیورسٹی 67ویں نمبر پر آگئی
اسلام آباد(نا مہ نگار)قائد اعظم یونیورسٹی جامعات کی عالمی درجہ بندی کرنے والے ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن یونیورسٹی رینکنگز کی "گولڈن ایج" یونیورسٹیز میں 67واں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ "گولڈن ایج" یونیورسٹی رینکنگز میں دنیا بھر کی پچاس سال سے زائد لیکن 80سال سے کم عمر یونیورسٹیوں میں بہترین یونیورسٹیوں کا تعین کیا جاتا ہے۔ حال ہی میں ہائیر ایجوکیشن یونیورسٹی رینکنگز نے ایشیا کی 500بہترین جامعات میں قائداعظم یونیورسٹی کو 75ویں نمبر پر رکھا اور یوں کیو اے یو پہلی سو جامعات میں واحد پاکستانی یونیورسٹی تھی۔قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اس شاندار کامیابی کے لئے فیکلٹی، انتظامی عملہ، طلبہ اور المنائی کو مبارکباد پیش کی ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم یونیورسٹی کی تحقیق،تعلیم اور تربیت کی شاندار روایت اور دانشورانہ آزادی جامعہ کو منفرد مقام اور کامیابی کی وجہ فراہم کرتی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں کیو۔ ایس ورلڈ یونیورسٹیز رینکنگز 21-2020میں قائداعظم یونیورسٹی کو دنیا کی بہترین 500جامعات میں شامل کیا گیا۔اس رینکنگ میں قائداعظم یونیورسٹی نے گزشتہ برس کے مقابلے میں 57درجے ترقی کرکے 454ویں پوزیشن پہ رہی۔