پی ایس بی کے گورننگ بورڈ کی تشکیل بورڈ کے آئین کے متصادم ہے،اقبال محمد علی خان
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ممبر قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے کھیل و سینئر پارلیمینٹیرین اقبال محمد علی خان نیپاکستان اسپورٹس بورڈ گورننگ بورڈ کی تشکیل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپورٹس بورڈ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کا انتخاب من پسند بنیادوں پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے پی ایس بی گورننگ بورڈ/ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کی نامزدگی کو پی ایس بی ایگزیکٹو کمیٹی کے آئین سے متصادم قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ آئین میں ترمیم کرکے من پسند افراد کو نوازا جارہا ہے۔ کھیلوں کے منتظم ادارے میں جمہوریت کی بجائے ڈکٹیٹر شپ کو فروغ دینے کی سازش ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ کھیلوں کے منتظم ادارہ میں کھیلوں کی تنظیموں کے نمائیندگان کی بجائے غیرمتعلقین کو ترجیحات میں رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی کھیل ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کی نمائیندگی کو آئینی ترمیم کے ذریعہ کم کردینا ناانصافی کے زمرہ میں آتا ہے۔ انہوں نے وفاقی وزارت کھیل برائے بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے آئینی ترمیم کے نوٹیفکیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئین میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جمہوری تقاضے پورے نہیں کرتا۔سینئر پارلیمینٹیرین و ممبر قائمہ کمیٹی اقبال محمد علی خان نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کو نظرانداز کرنے سمیت اسپورٹس فیڈریشنوں کی نمائیندگی میں ایگزیکٹو کمیٹی آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی۔