سیالکوٹ میں حکومتی فنڈزکے بغیرکرونا کی جدید لیب قائم
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں کرونا وائرس مریضوں کے لیے 125 ہائی فلو آکسیجن بیڈز اور 3 کروڑ روپے سے جدید ٹیسٹنگ لیب قائم کردی گئی ہے، تمام انتظامات حکومتی فنڈز کے بغیر تاجر برادری کے تعاون سے کیے۔ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومتی تعاون کے بغیر مثالی اقدامات کر رہے ہیں۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں اپنی مدد آپ کے تحت جدید ترین سہولیات حاصل کرلی ہیں۔تمام انتظامات حکومتی فنڈز کے بغیر تاجر برادری کے تعاون سے کیے ۔کرونا سے صحتیاب ڈاکٹر محمد احمد نے خود آکسیجن وارڈ کا افتتاح کیا۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی وجہ سے یہ ممکن ہوا، آئندہ چند دن میں 75 آکسیجن بیڈز مزید حاصل کرلیں گے۔عثمان ڈار نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو مل کر عوامی خدمت کی بھی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کا منتخب نمائندہ عوام کو کرونا وائرس سے لڑتا چھوڑ کر خود فرار ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف عوامی خدمت کی بجائے کرپٹ لیڈر کے دفاع میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا یہ وقت سیالکوٹ کے عوام کی خدمت کرنے کا تھا۔ کرپٹ لیڈر کے دفاع سے زیادہ عوام کی خدمت اہم ہے۔ سیاست بعد میں کر لیں گے مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دیں۔