متعدد ڈاکے‘ چوریاں‘ ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نوجوان کو زخمی کر دیا
لاہور(نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اورچوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون،گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں لوٹ لی گئی ہیں جبکہ جوہر ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو شدید زخمی کردیا ہے۔ جوہر ٹاؤن کے علاقے میں مقامی بنک کی اے ٹی ایم سے شہری حسنین عباس پیسے نکال رہا تھا کہ کرونا سے بچاؤ کا ماسک پہنے ایک مسلح ڈاکو اے ٹی ایم مشین کے کیبن میں داخل ہوا۔ اس نے گن پوائنٹ پر حسنین عباس کو یرغمال بنا کر 20 ہزار روپے کی رقم لوٹ لی اور مزاحمت کرنے پر حسنین عباس کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور فرار ہو گیا۔ پولیسں نے بنک کے سی سی ٹی وی کیمرے سے واقعہ کی فوٹیج حاصل کر لی ہے، فوٹیج کے باوجود پولیس ملزم کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔ ڈاکوؤں نے ستوکتلہ کے علاقہ میں عامر کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 6 لاکھ 10ہزار روپے مالیت، اقبال ٹاؤن کے علاقے میں ناصر کے گھر سے 4 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت، برکی میں نعمان کے گھر سے3 لاکھ 55 ہزار روپے مالیت، ڈیفنس کے علاقے میں سلیمان کے گھر سے 2 لاکھ 30 ہزار روپے مالیت، نشترکالونی میں عاصم کے گھر سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کی نقدی، موبائل فون، طلائی زیورات ودیگر سامان، مناواں میں عابد سے80 ہزار روپے اور موبائل فون، ٹاؤن شپ کے علاقہ میں یاسین سے38 ہزار روپے اور موبائل فون، سمن آباد کے علاقہ میں ابوبکر سے27 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ چوروں نے وحدت روڈ اور مغلپورہ کے علاقوں سے دو گاڑیاں جبکہ ساندہ، شیراکوٹ، لٹن روڈ، شالیمار اور بادامی باغ کے علاقوں سے پانچ موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔