مہنگائی اور کرایوں میں اضافہ
پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی ٹرانسپورز نے کرائے بڑھا دیئے۔ دیگر کئی اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں، آٹا 5 اور چینی 2 روپے کلو مہنگی ہوگئی۔ برائلر کی قیمت میں بھی 3 روپے اضافہ ہوگیا۔
ہمارے ہاں بجلی او رپٹرول کی قیمت میں معمولی اضافے سے بھی مہنگائی کا طوفان آ جاتا ہے۔ اب تو پٹرول کی قیمت میں ہوشربا اور تاریخی اضافہ ہوا ہے مگر کرایوں اور مہنگائی میں اضافے کا قطعی جواز نہیں ہے۔ اس لئے کہ پٹرول کی قیمت 117 روپے لٹر سے دو تین ماہ میں کم ہوکر 74 روپے ہوئی تو کرائے کم ہوئے نہ ہی مہنگائی میں کمی آئی۔ اب 25 روپے اضافے کے باوجود 117 روپے سے قیمت کم ہے۔ پٹرول میں کمی پر اسی تناسب سے کرایوں میں کمی ہوتی تو اب اضافے کا جواز تھا مگر اب ٹرانسپورٹر اور منافع خود جو کچھ کررہے ہیں سراسر غلط ہے حکومت کو بہرصورت سخت نوٹس لینا چاہئے۔