ہلاکتوںاور کرونا کیسز میں کمی
ملک میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز ہو گئی ہے جبکہ 4 ہزار سے زائد لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں تاہم مریضوں میں سے 87 ہزارد افراد کی صحت یابی بھی امید افزاء و اطمینان بخش ہے۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کروڑ کے ہندسے کو چھو رہی ہے جبکہ مریضوں کے حوالے سے پاکستان ، چین، فرانس، ترکی، سعودی عرب اور جرمنی سے بھی آگے نکل کر 12 ویں نمبر پر جا پہنچا ہے جو باعث تشویش ہے اور اس کی روک تھام کیلئے سخت ترین اقدامات اور احتیاطی تدابیر کی ضرورت ہے کیونکہ اس کی روک تھام صرف احتیاط سے ہی ممکن ہے۔ تاہم پاکستان میں بھی گزشتہ ہفتہ عشرہ کے ’’سلیکٹڈ لاک ڈائون‘‘ کے تجربہ سے بھی کافی فائدہ ہوا ہے۔ پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر مرض کی تشخیص کی صلاحیت بڑھی ہے تاہم گزشتہ کئی دنوں سے مریضوں کی تعداد پچھلے ایک، دو مہینوں کی نسبت کم ہوئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی کمی ہوئی ہے جو یقیناً خدائے بزرگ و برتر کی خاص رحمت ہی ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر بھی کافی حد تک کارساز ثابت ہورہی ہیںاس لئے حالات کا تقاضا ہے کہ ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلوں سمیت تمام حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ رب ذوالجلال کے حضور اپنی بے بسی کا اظہار بھی کرتے رہیے تاکہ اللہ کریم جلد از جلد اس مرض کا خاتمہ فرما دے اور انسانی زندگی دوبارہ معمول پر آجائے۔