سنگین جرائم میں ملوث ایف بی آئی امریکہ کو مطلوب 2 ملزم گرفتار
لاہور(نمائندہ خصوصی)ڈولفن سکواڈ نے بنک رابری اوردیگر سنگین جرائم میں ملوث ایف بی آئی امریکہ کو مطلوب 2 ملزمان کوگرفتارکر لیا ہے۔ایک ملزم وقار کی گرفتاری پر30ہزار یو ایس ڈالر انعام کی رقم بھی مقرر کی گئی تھی۔تفصیلات کے مطابق ڈولفن سکواڈکی ٹیم کوایمرجنسی 15پر اطلاع موصول ہوئی کہ بحریہ ٹائون میں ایک مالیاتی ادارے کے الارم بج رہے ہیں اور2مشکوک افراد اے ٹی ایم کے اندر موجود ہیں۔ڈولفن سکواڈ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ڈولفن ٹیم کو دیکھ کر ملزمان موقع سے فرار ہونے لگے۔ڈولفن ٹیم نے ملزمان کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا ملزمان کی نشاندہی پر قریبی پلاٹ سے سکیمر/ڈیوائس برآمد کر لی، گرفتار ملزمان کی اطلاع مقامی پولیس کو دے دی گئی بعد ازاں دونوں ملزمان کو ایف آئی اے سائبر کرائم کے حوالے کر دیا گیا۔تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ گرفتار ملزم وقار گھمن ایف بی آئی امریکہ کو مطلوب ہے۔جو کہ امریکہ میں بنک رابری کے علاوہ دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا ، ملزم وقار کی گرفتاری پر30ہزار یو ایس ڈالر انعام کی رقم بھی مقرر کی گئی تھی۔