میئر کراچی وسیم اختر آج بلدیہ عظمیٰ کراچی کابجٹ پیش کریں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر آج ( پیر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کا میزانیہ برائے سال 2020-21 پیش کریں گے، اسکے لئے کونسل کا اجلاس دن ڈھائی بجے منعقد ہوگا، اجلاس میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کے تحت حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے 30 فیصد کے حساب سے اراکین شرکت کریں گے، جن کی مجموعی تعداد 118 کے قریب ہوگی، کونسل ہال میں 310 اراکین کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے، میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر اتوار کے روز بجٹ اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں بھر پور تیاریاں کی گئیں، کونسل ہال اور کے ایم سی کی عمارت میں لکویڈ اسپرے کیا گیا، کھڑکیوں، دروازوں اور دیواروں پر بھی جراثیم کش اسپرے کیا گیا، کونسل ہال کی گیلری میں مہمانوں کے بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی صرف پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی گیلری میں بیٹھ سکیں گے، اراکین کے لئے سرجیکل ماسک، سینیٹائزر کا انتظام کیا گیا ہے ، کونسل ہال میں داخل ہونے والے تمام اراکین کا ٹیمپریچر گن ( تھرما میٹر) کے ذریعہ درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا جائے گا، میئر کراچی وسیم اختر گزشتہ سالوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور دیگر مسائل پر روشنی ڈالنے کے علاوہ آنے والے سال میں ترقیاتی کاموں اور دیگر مصارف میں مختص کئے گئے فنڈز سے متعلق کونسل کے ممبران کو آگاہ کریں گے۔