ورلڈ کپ : جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 9وکٹوں سے شکست دیدی پاکستان ‘افغانستان آج مد مقابل
لیڈز(چودھری اشرف) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو دھچکا لگا دیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔سری لنکن کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپنر دیموتھ کرونا رتنے پہلی ہی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔پریرا اور فرننڈو نے 67 رنز بناکر ٹیم کو مشکل سے نکالا، فرننڈو 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کشال پریرا 30 ‘ اینجلو میتھیوز 11 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔کشال مینڈس 23 اور دھننجایا ڈی سلوا 24رنز بناسکے۔ٹیم آخری اوور کی تیسری گیند پر 203 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔کرس مورس اور پریٹوریس نے تین، تین، ربادا نے دو جبکہ فیلوکوایو اور ڈومینی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا نے میچ جیتنے کیلئے 204 رنز کا ہدف دیا، جو پروٹیز نے 38 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔ ڈی کوک 15 رنز بناکر بولڈ ہوئے۔ کپتان ڈوپلیسی 96 اور ہاشم آملہ 80 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ ڈیوین پریٹوریس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان ٹیم اہم میچ آج افغانستان کے خلاف ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے گی۔میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق د ن اڑھائی بجے شروع ہوگا۔