عام انتخابات2018:الیکشن کمیشن نےپولنگ اوقات صبح8سےشام6بجےتک کردیا

Jun 29, 2018 | 11:27

ویب ڈیسک

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے اضافے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ 25 جولائی کو پولنگ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی، پولنگ کا عمل بلا کسی تعطل کے 10 گھنٹے تک جاری رہے گا ، پولنگ اوقات میں ایک گھنٹے کے اضافے کا مقصد انتخابی عمل میں عوام کی زیادہ شرکت یقینی بنانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق 25 جولائی کو پولنگ کا عمل بلا کسی تعطل کے 10 گھنٹے تک جاری رہے گا، رجسٹرڈ ووٹر صبح 8 سے شام 6 بجے تک حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔ پولنگ کا وقت بڑھانے کا مقصد انتخابی عمل میں عوام کی زیادہ شرکت یقینی بنانا ہے۔واضح رہے کہالیکشن ایکٹ کے مطابق پولنگ کا وقت کم از کم 8 گھنٹے مقرر ہے تاہم ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پولنگ کے روز سے قبل ہی پولنگ کے اوقات بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔الیکشن ایکٹ کے تحت پولنگ کے دن مخصوص حالات میں الیکشن کمیشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ ایک یا زائد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا وقت بڑھا سکتا ہے اور اس دوران صرف وہی لوگ ووٹ ڈال سکتے تھے جو پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود ہوں۔

مزیدخبریں