سابق چیئرمین نیب جنرل (ر) محمد امجد سے جے آئی ٹی کی دو گھنٹے پوچھ گچھ؛ وزیر اعظم ، انکی فیملی کی ٹیکس تفصیلات ایف بی آر کو ارسال
سابق چیئرمین نیب جنرل (ر) محمد امجد نے پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے بنائی جانے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا‘ جے آئی ٹی نے سابق چیئرمین نیب سے تقریباً دو گھنٹے تک سوالات کئے۔ تفصیلات کے مطابق پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے قائم کی جانے والی جے آئی ٹی کا اجلاس واجد ضیاءکی سربراہی میں ہوا جس میں سابق چیئرمین نیب محمد امجد پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ جے آئی ٹی نے سابق چیئرمین نیب سے تقریباً دو گھنٹے تک سوالات کئے۔ محمد امجد مشرف دور میں چیئرمین نیب تھے ، انہوں نے حدیبیہ پیپر ملز سکینڈل کی تحقیقات کی تھیں۔ محمد امجد نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا اور حدیبیہ پیپر ملز سے متعلق ان کے دور میں تحفظات سے متعلق سوالوں کے جواب دئیے۔ اس موقع پر انہوں نے جے آئی ٹی کو اس معاملے کے حوالے سے دستاویزی شواہد سے بھی آگاہ کیا۔ دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف اور ان کی فیملی کی ٹیکس تفصیلات جے آئی ٹی پانامہ کیس کے سلسلے میں ایف بی آر کو بھجو ادی گئی ہیں۔ اس میں حدیبیہ پیپر ملز سے متعلق ٹیکس کی مزید تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔ طارق شفیع اور اسحاق ڈار کی ٹیکس تفصیلات بھی بھیجی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق 1990ءسے اب تک کی ٹیکس تفصیلات بھجوائی گئی ہیں۔ تفصیلات بھجوانے کیلئے انکم ٹیکس آفس کے ایک سیکشن میں چھٹی والے دن بھی کام جاری رہا۔