خلیجی ممالک قطر پر مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں: اماراتی سفیر
لندن (صباح نیوز) قطر سے سفارتی و تجارتی تعلقات منطقع کرنے والے عرب و خلیجی ممالک اس پر مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ یہ بات روس کے لیے متحدہ عرب امارات کے سفیر عمر غباش نے برطانوی اخبار گارڈین کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ اماراتی سفیر نے بتایا نئی پابندیوں میں اس بات کا امکان بھی ہے کہ قطر مخالف عرب ممالک اپنے تجارتی ساتھیوں سے یہ کہیں کہ وہ قطر یا ان میں سے ایک کا انتخاب کریں۔ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر نے رواں ماہ قطر پر دہشت گرد گروپوں کی مدد کرنے اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کے الزامات لگاتے ہوئے اس سے سفارتی، سفری و تجارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے جبکہ قطر ان الزامات سے انکار کرتا ہے۔