علماءکی سیاست کی وجہ سے آئین میں اسلامی دفعات محفوظ ہیں‘مولانا حمد اللہ
صوابی( نامہ نگار ) جے یو آئی کے سر پرست اعلی اور بزرگ عالم دین مولانا حمد اللہ جان باباجی نے کہا ہے کہ علماءکی سیاست کی وجہ سے آئین پاکستان میں اسلامی دفعات محفوظ ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مظہر العلوم ڈاگئی میں جے یو آئی کے مرکزی نائب امیر و سابق وزیر تعلیم مولانا فضل علی حقانی کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر علماءمیدان سیاست میں نہ ہوتے تو حکمران جبراً اپنی مرضی کے مطابق دینی احکامات نافذ کرتے جس طرح انہوں نے عید الفطر کے موقع پر بعض علماءکو نظر بند یا گرفتار کرکے احکامات خداوندی اپنی مرضی کے مطابق نافذ کرنے کی کوشش کی لیکن علماءنے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔ دریں اثناءمولانا فضل علی حقانی نے جے ٹی آئی کے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ جمعیت طلباءاسلام جمعیت علماءاسلام کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ نوجوان نسل کو اسلام اور اسلامی اقدار سے برگشتہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مغربی گماشتے بے راہ روی اور اسلامی طرز زندگی کو ختم کرنے اور نوجوانوں کے دلوں سے خدا کی محبت نکال کر سیکولر بنانے کی سازشیں کی جارہی ہے جس کیلئے مغربی این جی اوز اور سیکولر جماعتوں کے کارکنوں کو استعمال کیا جارہا ہے۔ ان حالات میں جمعیت طلباءاسلام پر پاکستان میں اسلامی اقدار اور طرز زندگی کو عام کرنے اور ملک کی اسلامی تشخص کو برقرار رکھنے کی دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ میری دعا ہے زروبی یونٹ کی نئی کابینہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھا کر ملک وقوم کی خدمت کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔