دہشت گردی کو فرقہ وارانہ‘ لسانی رنگ دینے کی کوشش ہو رہی ہے‘ قوم سازش سمجھے: آرمی چیف
راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) دہشتگردی کے حالیہ واقعات کو فرقہ وارانہ اور لسانی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ فوج سوشل میڈیا پر جاری مذموم مہم کو بغور دیکھ رہی ہے۔ قوم کو بھی اس سازش کو سمجھنا ہو گا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے گمراہ کن مہم شروع کر رکھی ہے جو سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے پھیل رہی ہے، دشمن ہمیں دہشتگردی کے ذریعے تقسیم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے، ملک میں امن وامان کی صورتحال کو خراب نہیں ہونے دیں گے، موجودہ حادثات کو دانستہ طور پر فرقہ وارانہ منافرت کا رنگ دیا جا رہا ہے، سانحہ پارا چنار کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا، یہ ایک عظیم نقصان ہے، ہم سب ایک دوسرے کی مذہبی اقدار اور اقلیتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ چند دنوں میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کے دشمنوں نے گمراہ کن مہم شروع کر رکھی ہے، یہ گمراہ کن مہم سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے پھیل رہی ہے، دشمن ہمیں دہشتگردی کے ذریعے تقسیم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے، ہم سب کو اس گمرہ کن مہم سے آگاہ رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں امن وامان کی صورتحال کو خراب نہیں ہونے دیں گے، آرمی چیف نے کہاکہ موجودہ حادثات کو دانستہ طور پر فرقہ وارانہ منافرت کا رنگ دیا جا رہا ہے۔ سانحہ پارا چنار کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔ یہ ایک عظیم نقصان ہے۔ پاک فوج کیلئے ہر شہید اور زخمی کی جان بلاتفریق برابر اور قیمتی ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ ہم سب ایک دوسرے کی مذہبی اقدار اور اقلیتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں، ہم سب پاکستانی اور مسلمان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا اور ملک بھر میں سکیورٹی کی صورتحال کو کنٹرول کیا ہے۔ کسی کو بھی فاٹا کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملک دشمن عناصر فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں، دہشت گردی کے ذریعے ہمیں تقسیم کرنے کی سازش ناکام ہوگئی۔ حالیہ واقعات کو دہشتگردی، نسلی منافرت کا رنگ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عیدالفطر لائن آف کنٹرول پر فرائض انجام دینے والے جوانوں کے ساتھ گزاری۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عیدالفطر کی نماز لائن آف کنٹرول پر تعینات افسران و جوانوں کے ساتھ ادا کی۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کی ترقی و خوشحالی کی دعائیں کیں اور لائن آف کنٹرول پر تعینات دستوں کے بلند حوصلے، عزم و ہمت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ مزید برآں آرمی چیف نے ملتان میں نشتر ہسپتال کا دورہ کیا اور سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کی جبکہ ملتان گیریژن میں پاک فوج کے شہدا کے اہل خانہ سے بھی ملاقاتیں کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے سانحہ احمد پور شرقیہ کے متاثرین کے لیے سول انتظامیہ، موٹروے، پولیس اور فوجی جوانوں کی جانب سے کیے جانے والے امدادی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس قسم کے حادثات سے نمٹنے کے لیے عوامی مہم کی ضرورت ہے۔