سانحہ احمد پور شرقیہ غربت‘ ناخواندگی اور کرپشن کا ساخسانہ ہے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ سانحہ احمد پور شرقیہ کے باعث پوری قوم اشکبار ہے اور ہر دل خون کے آنسو رو رہا ہے اور میرے پاس اس المناک سانحہ پر اظہار افسوس کیلئے الفاظ نہیں۔ سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کیلئے فرانزک لیب میں سائنسی بنیادوں پر کام جاری ہے اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ کر کام کررہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف لندن سے اپنا طبی معائنہ موخر کر کے سانحہ احمد پورشرقیہ کے معاملات کی براہ راست نگرانی کیلئے واپس آئے اور انہوں نے مجھے بھی ہدایت کی کہ میں رات بہاولپور میں قیام کر کے تمام متعلقہ کاموں کی نگرانی کروں اورانہیں رپورٹ دوں جس پر میںنے رات بہاولپور میں قیام کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی احمد پور شرقیہ میں آمد متاثر ہونیوالے ہرگھرانے کیلئے اُمید کی کرن ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف آپ کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں جھلسنے والوں کا ملتان کے سٹیٹ آف دی آرٹ برن یونٹ میں بہترین علاج معالجہ کیا جارہا ہے اور ان کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ 70 برس کی ناخواندگی اور کرپشن کا منطقی شاخسانہ ہے ۔ اگر احمد پور شرقیہ کے کسان ناخواندہ اورغریب نہ ہوتے تو اس طرح پٹرول بھرنے کی وجہ سے اپنی قیمتی جانیں نہ گنواتے۔ بدقسمتی سے کرپشن نے ملک میں گزشتہ70سال سے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جس سے امیر اور غریب میں تفاوت پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس سانحہ کے موقع پر سیاسی بات نہیں کرتا۔ کرپشن کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے اس المناک سانحہ پر قوم اشکبار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کا عمل جدید سائنسی طریقہ کار کے مطابق فرانزک لیب میں آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائے گااور ورثاء کے ڈی این اے کا لاشوں کے ڈی این اے سے موازنہ کے بعد حتمی شناخت کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے پنجاب فرانزک لیب کی 9 ذیلی برانچیں ہر ڈویژن میں قائم کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ریسکیو1122، انتظامیہ، پولیس، پاک فوج اور محکمہ صحت سمیت متعلقہ محکموں کی جانب سے ریسکیو سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیااور سانحہ احمد پور شرقیہ کے بعد ریسکیو سرگرمیوں میں تمام اداروں کی اجتماعی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری اداروں اور سیاسی قیادت کے باہمی تعاون سے سانحہ احمد پور شرقیہ کا ریسکیو آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ کے متاثرین اور ان کے ورثاء سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ جب تک آخری مریض صحت یاب نہیں ہو جاتا میں خود علاج معالجے کی سہولتوں کی نگرانی کر وں گا اور دوبارہ بھی ورثاء کے پاس آئوں گا۔وزیر اعلیٰ نے دورہ روس منسوخ کر دیا۔