خیبر پی کے میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی: پرویزخٹک
پشاور(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم نے نئے پاکستان کی بنیاد خیبرپی کے میں رکھ دی ہے۔ ہم نے اے جی این قاضی فارمولا دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔ خیبرپی کے اور چائنا اکنامک پلان سمیت صوبے میں ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاری کے نتیجے میں صنعتی ومعاشی سرگرمیوں کا احیاء ہونے کو ہے۔ صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 24 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا میں ہم نے وہ مذہبی خدمات بھی انجام دیں جو اب تک مذہبی جماعتیں بھی نہ کر سکیں۔ خیبرپی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت نے میرٹ، انصاف اور قانون کی بالادستی کی سیاست کا آغاز کیا ہے۔ صوبے میں نہ صرف امن قائم ہو ا بلکہ اداروں کو با اثر افراد کے زیر اثر سے آزاد کرکے اداروں کی ڈیلیوری کے نتیجے میں اُن پر عوام کا اعتماد بحال ہوا اور یہی وجہ ہے کہ اب دوسری جماعتوں کے لوگ بھی پی ٹی آئی میں کشش دیکھنے لگے ہیں اور دھڑا دھڑا ہماری جماعت میں شامل ہورہے ہیں ۔ وہ مانکی شریف میں جلسہ سے خطاب کررہے تھے جس میں اے این پی کے سرکردہ رہنمائوں ابدالی خان اور سرزمین خان نے اپنے سینکڑوں حامیوں اور اہل خاندان کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا اُن کی حکومت نے اداروں کی آزادی حق و صداقت کے ذریعے عوامی حکمرانی کا ایک منفرد اسلوب متعارف کرایا ۔اداروں کو آزادی دی تاکہ وہ عوام کیلئے کام کرسکیں ۔ ماضی میں ادارے افراد کے زیر اثر رہے اور عوام مصائب کے دلدل میں پڑے رہے ۔وہ اپنے جائز کام کیلئے بھی سیاستدانوں اور با اثر لوگوں کی منت سماجت کرتے رہے ۔ہم نے اس کلچر کو ختم کیا کہ جائز اورقانونی حق کیلئے عوام کو دربدر کی ٹھوکریں نہ کھانی پڑیں۔ادارے بااختیار ہونے سے نظام ٹھیک ہونے لگا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت نے نظام کی تبدیلی کے ذریعے صوبے کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کا چیلنج قبول کیا اس مقصد کیلئے خیبرپی کے کو وفاق کی ایک مضبوط اکائی ثابت کرنا اور صوبے کے حقوق کا تحفظ ناگزیر تھا جس پر ماضی میں خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی ۔