نیول سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ نے پاک بحریہ کے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کیساتھ عید منائی
کراچی (اے پی پی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے پاکستان بھارت سرحد سے ملحقہ سر کریک کے علاقے میں قائم پاک بحریہ کے اگلے مورچوں پر تعینات دستوں کے ساتھ عید کا دن گزارا۔ قائم مقام کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل اطہر مختار بھی اس موقع پر نیول چیف کے ہمراہ تھے۔ ایڈمرل ذکاء اللہ نے عید الفطر کی نماز کریک بٹالین ہیڈ کوارٹرز سجاول میں ادا کی جس کے بعد نیول چیف وہاں تعینات افسروں اور جوانوں سے عید ملے۔ بعد ازاں چیف آف نیول سٹاف نے پاکستان بھارت سرحد کے قریب واقع غنی پوسٹ کا دورہ کیا اور وہاں موجود افسروں اور جوانوں سے غیر رسمی ملاقات کی۔ اس موقع پر نیول چیف نے افسروں اور جوانوں کے حوصلے اور عزم و ہمت کی تعریف کی جو دلدلی اور غیر متوقع آبی راستوں پر مشتمل انتہائی مشکل زمینی خطے اور جغرافیائی ماحول میں وطن عزیز کی بحری سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔