سانحہ پاراچنار: شیعہ علماءکونسل‘ مجلس وحدت المسلمین کے مظاہرے‘ علامتی دھرنا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) شیعہ علماءکونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر پاراچنار، کراچی، کوئٹہ اور احمد پور شرقیہ کے سانحات میں شہادتوں کے باعث ملک بھر میں مساجد، امام بارگاہوں، مدارس اور کھلے میدانوں میں ہونے والے عیدا لفطر کے اجتماعات میں نماز سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے‘ شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے جامعتہ النجف میں نماز عید پڑھائی۔ انہوں نے کہاکہ پاراچنار میں جمعتہ الوداع پر دہشت گردی سکیورٹی کے ذمہ دار اداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پاراچنار کے مسئلے کو اٹھانے پر عام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا احمد پور شرقیہ میں جانوں سے ہاتھ دھونے والے بھی پاکستانی ہیں، ان کی بہتر میڈیا کوریج ہوئی مگر پاراچنار میں ہونے والی قیامت صغریٰ کو نظرانداز کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پاراچنار کے عوام کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو شیعہ علماکونسل کل 30 جون کو نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلیاں نکالے گی اور دھرنے دے گی، پنجاب کا مرکزی دھرنا لاہور میں ہوگا۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام لاہور میں باغ بیرون موچی دروازہ نماز عید کے اجتماع کے بعد مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حیدر موسوی نے کہا کہ ہمیں بہاولپور سانحے پر دلی صدمہ پہنچا ہے کو توفیق نہیں ہوئی کہ پاراچنار میں جاری قتل عام پر کرم ایجنسی جا کر ان مظلوموں سے اظہار تعزیت کرےں، ہم ن لیگ کے ہر عمل کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، کرم ایجنسی کے لوگ سڑکوں پر بیٹھے اپنے مظلومیت کا قانونی آئینی جنگ لڑ رہے ہیں، آخر حکومت چاہتی کیا ہے۔ کربلا گامے شاہ کے باہر مظاہرے سے خطاب میں علامہ وقارالحسنین نقوی نے کہا پنجاب ،گلگت بلتستان، بلوچستان اور فاٹا میں ہمارے قاتلوں کی حکمران سرپرستی کر رہے ہیں۔ ناصر باغ میں نماز عید کے بعد نمازی لوئر مال پر نکل آئے اور ٹریفک جام کرکے پاراچنار کے مظلومین کے حق میں لگاتے رہے۔ علامہ حسن ہمدانی نے کہا کہ ہماری نسل کشی پر خاموش رہنے والے حکمران سن لیں ہم اچھی طرح جانتے ہیں تمہیں یہ ٹاسک کہا ں سے ملا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے پر پاراچنارسانحہ اور اس کے بعد کرم ایجنسی میں جاری دھرنے کی حمایت میں علامتی دھرنا دیا گیا‘ دھرنے میں خواتین، بچے، نوجوان اور بزرگ افراد کی کثیر تعدا نے شرکت کی۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں اور سول سوسائٹی نے بھی اظہار یکجہتی کے لئے شرکت کی، دھرنے کے شرکاءحکومتی بے حسی کے خلاف شدید غم غصے کا اظہار کرتے رہے، دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی اور سیکرٹری جنرل لاہور علامہ حسن ہمدانی نے کی۔
مظاہرے