بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و تشدد کے نت نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے،برجیس طاہر
اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے غیور اور بہادر کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف سات دہائیوں سے جان کی قربانیاں پیش کررہے ہیں جنہیں کسی بھی صورت یا حالات میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ریاستی پالیسی کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و تشدد کے نت نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے ۔ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لیے پرامن تحریک کو کچلنے کے لیے بھارت نے لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا اور ہزاروں کی تعداد میں خواتین کی عصمت دری کی گئی اوراُن کو بیوہ کردیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ ہر روز معصوم کشمیری عوام کو بھارت کی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہےاور اُن کی عزت النفس کو مجروح کیا جاتا ہے ۔ا نہوںنے کہاکہ بھارتی سرکار کی جانب سے اُن افسران کو ایوارڈ سے نواز نا جنہوںنے معصوم کشمیری نوجوان کی عزت النفس کو مجروح کرتے ہوئے ٬ ظلم کا نشانہ بنانے کے لیے جیپ کے آگے باندھایہ اُن بین الاقوامی برادری اور نام نہاد غیر جانب دار انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے جوکہ ایک طرف دُنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق بڑے بڑے پرچار کرتی ہیں تو دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و تشدد سے اپنی آنکھیں بند کئے بیٹھی ہیں ۔