دہشت گردی کیخلاف تمام اداروں کو کردار اداکرناہو گا:پیراعجازہاشمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف تمام اداروں کو کردار اداکرنا ہوگا۔ پاراچنار کے شہدا کے ورثا کی داد رسی کے لئے کسی بھی حکومتی شخصیت کا نہ پہنچنا اور میڈیا میں اس واقعہ کا بلیک آوٹ بے حسی کی بدترین مثال ہے۔ تحقیقات ہونی چاہیں کہ ریاستی ادارے شہریوں کی حفاظت میں ناکام کیوں ہیں؟ اور دہشت گرد وارداتیں کرکے کامیابی سے فرارکیسے ہوجاتے ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ وہ بلا روک ٹوک اپنی واردات کرکے محفوظ پناہ گاہوںمیں چلے جاتے ہیں۔ عید ملنے کے لئے آنے والے جے یو پی کے رہنماوں اور کارکنوںسے گفتگو کرتے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ بن چکی ہے۔ جس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ اس کے ساتھ ریاستی اداروں کے درمیان بہتر رابطہ اور خفیہ معلومات کا تبادلہ ہونا چاہیے تاکہ دشمن کی سرگرمیوں سے آگاہ رہا جاسکے۔ کسی واقعہ کا تعلق فرقہ واریت سے نہیں۔ ملک میں شیعہ سنی ہم آہنگی موجود ہے، جو کالعدم تنظیمیں پاراچنار کے واقعہ کی ذمہ داریاں قبول کرنے کے دعوے کررہی ہیں۔ وہ سری لنکن کرکٹ ٹیم، جی ایچ کیو اور دیگر اہم تنصیبات پر حملے کرچکی ہیں ان کا تو کسی فرقے سے کوئی تعلق نہیں۔