امریکہ نے سربراہ حزب المجاہدین صلاح الدین کو دہشتگرد قرار دیدیا، آزادکشمیر میں مظاہرے
واشنگٹن+ مظفر آباد+ اسلام آباد+ نئی دہلی+ سیالکوٹ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) امریکی محکمہ خارجہ نے حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین کو خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان پر پابندیاں عائد کردیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق محمد یوسف شاہ عرف سید صلاح الدین مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے خلاف مسلح جدو جہد کرنے والے سب سے بڑے گروپ کے رہنما ہیں۔ یہ پیشرفت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات سے چند گھنٹے قبل سامنے آئی۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا صلاح الدین کوایگزیکٹو آرڈر 13224 کے سیکشن ون بی کے تحت عالمی دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے، جو امریکہ اور اس کے شہریوں کی سلامتی کے لئے خطرہ بننے والے غیرملکیوں پر لاگو ہوتا ہے جبکہ اس کے بعد پابندی کی زد میں آنے والے پر پابندیاں بھی عائد ہو جاتی ہیں۔ پابندی کے بعد کسی امریکی کو صلاح الدین سے مالی لین دین کی اجازت نہیں ہوگی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا سید صلاح الدین نے ستمبر 2016 ءمیں کشمیر تنازعہ کے کسی پُرامن حل کی راہ میں رکاوٹ بننے کا عندیہ دیا تھا جبکہ انہوں نے وادی کشمیر کو بھارتی فورسز کا قبرستان بنانے کے لئے کشمیریوں کو خودکش بمبار کی تربیت دینے کی بھی دھمکی دی تھی۔ امریکہ کا کہنا تھا حزب المجاہدین نے متعدد حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔ پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پُرعزم ہے، عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دینا ناانصافی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پ±رعزم ہے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت نے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمہ کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری گزشتہ 7 دہائیوں سے آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے والوں کو دہشتگرد قرار دینا ناانصافی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ انسانی حقوق کے اداروں نے مقبوضہ کشمیر میں ان مظالم کو ریکارڈ کیا ہے، گزشتہ ایک سال میں بھارتی قابض افواج نے وادی میں مظالم میں اضافہ کیا، ہزاروں معصوم کشمیریوں کو پیلٹ گن کے ذریعے بینائی سے محروم کردیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہا بھارتی فورسز نے خواتین کی آبروریزی، ماورائے عدالت قتل اور کشمیریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ ترجمان نے کہاکشمیریوں کے گھروں کو تباہ کرنا، انہیں حبس بے جا میں رکھنا اور بنیادی حق سے محروم رکھنا قابض افواج کا معمول ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک بیان میں کہا یہ بات انتہائی قابل تشویش ہے کہ واشنگٹن انتظامیہ بھارت کی زبان بولنے لگی ہے جو نہ صرف کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہے بلکہ روز اول سے حق خود ارادیت کی جائز اور منصفانہ تحریک کو دبانے اور آزادی کی کاوشوں کو دہشت گردی کے طور پر پیش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی وزیراعظم کی وائٹ ہاﺅس یاترا کے بعد امریکی حکومت کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ امریکہ کے نزدیک معصوم کشمیریوں کے خون کی کوئی اہمیت نہیں‘ لگتا یوں ہے کہ شاید انسانی حقوق کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین کا کشمیر میں اطلاق نہیں ہوتا۔ وزیر داخلہ نے کہا اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قومی اتفاق‘ عزم ‘ حوصلے اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اپنے کشمیری بھائیوںکو واضح پیغام دیں کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی‘ سفارتی اور اخلاقی حمایت میں کسی قسم کی لغزش نہیں آئےگی اور ہم ثابت قدمی سے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوںکا مقدمہ لڑتے رہیں گے اور بین الاقوامی برادری کا ضمیر جھنجھوڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق پر کسی قسم کی کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔ بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خود ارادیت کشمیریوں کا مقدر ہے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اس حق سے محروم نہیں کرسکتی۔ حزب المجاہدین کے سربراہ صلاح الدین نے کہا ان کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہ ہے اور نہ ہی وہ دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں تاہم امریکہ نے بلاجواز پابندی لگا کر بدنام کیا ہے جوکہ حقیقت میں بھارتی سازش ہے حالانکہ بھارت خود مقبوضہ کشمیر میں نہتے و بے گناہ کشمیریوں پر ظلم وستم اور قید کرکے دہشت گردی کررہا ہے ۔ سیالکوٹ میں تقریب کے دوران انہوں نے کہا حزب المجاہدین دہشت گردی نہیںکرتی بلکہ دہشت گردی کی مکمل مذمت کرتی ہے تاہم امریکہ اصل دہشت گرد بھارت اور بھارتی فوج کو دہشت گرد قرار دے اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمان کشمیریوں پر ظلم وستم روکے۔ انہوں نے مزید کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں ناکام ہوچکا ہے اور بھارت نے کشمیریوں کی نسل کشی شروع کررکھی ہے جس میں بھارت کو ناکامی ہوگی کیونکہ کشمیرکشمیریوں کا ہے اس پر بھارت کاکوئی حق نہیں ہے۔ متحدہ جہاد کونسل نے تنظیم کے سربراہ صلاح الدین کو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عالمی دہشتگرد قرار دینے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا یہ بین الاقوامی قوانین کا تمسخر ہے۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا صلاح الدین کشمیر میں تحریک آزادی کی علامت ہیں جبکہ امریکہ کا انہیں عالمی دہشت گرد قرار دے کر بھارتی عزائم کو پورا کرنا اور اسے خوش کرنا تکلیف اور بدقسمتی ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود احمد خان نے صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی شدید مذمت کی ہے۔ مسعود خان نے کہا حزب المجاہدین کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ تنظیم صرف اور صرف مقبوضہ کشمیر کی آزادی کےلئے سرگرم ہے۔انہوں نے کہا ٹرمپ مودی گٹھ جوڑ عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ ثابت ہو گا۔ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کو دھوکہ دیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ ہونے کے باوجود ہماری قربانیوں کا مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین کو امریکہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دینے اور ان پر لگائی جانے والی پابندیوں پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں زبردست مظاہرے کئے گئے۔ مظفرآباد کے مشہور 'برہان وانی چوک' پر مظاہرہ کرتے ہوئے شرکاءنے اپنے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر حزب المجاہدین کے کمانڈر کے حق میں نعرے درج تھے۔کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدو جہد کو 'دہشت گردی' قرار دینے پر کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا ہے۔ریلی کے دوران مظاہرین نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ بھارت کا پرچم بھی نذر آتش کیا۔مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے ٹرمپ انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صلاح الدین پر پابندی لگانے کا مقصد در اصل امریکی دورے پر موجود بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو خوش کرنا ہے۔ اقوام ِ متحدہ کی نمائندہ تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے صلاح الدین کو دہشتگرد قرار دینا انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے جبکہ بھارت گزشتہ 70سالوں سے مظلوم کشمیریوں پر غاضبانہ قبضے کے خواب دےکھ کر قتل ِ عام کرنے کے علاوہ مظلوم کشمیریوں پر جانوروں پر استعمال ہونےو الی پیلٹ گن کا آزادانہ استعمال کررہی ہے جس سے ہزاروں افراد معذور ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ اس وقت لاکھوں افراد شہید کے علاوہ خواتین بیوہ اور بچے یتیم ہوگئے۔ اُس پر امریکہ نے بجائے نوٹس لینے کے الٹا بھارت کی حمایت کرکے ثابت کردیا ہے کہ ا مریکی صدر پاک چائنہ تعلقات پر خوش نہیں ہیں اور پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کےلئے بھارت کا سہارا لے رہے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے خدشہ ظاہر کیا امریکی اور بھارتی ملاقات او ر مذاکرات بھارت میں 20کروڑ سے زائد مسلمانوں جبکہ پاکستان اور آزادکشمیر کے کروڑوں مسلمانوں کےلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں جبکہ پاک چین سی پیک منصوبے کےلئے بھی خطرناک ثابت ہوگی،او آئی سی اور اقوام ِ متحدہ فوری طور پر نوٹس لے کر امریکہ بھارت گٹھ جوڑ کو ختم کرے۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر نے صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسے موقع پر جب ساری دنیا عید کی مبارکباد دے رہی تھی امریکہ نے مسلمانوں کو جو تحفہ دیا اس کا بدلہ اسے ضرور ملے گا۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے کا حق اقوام متحدہ نے دیا ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ حزب المجاہدین کے سربراہ صلاح الدین پر امریکی پابندی کا فیصلہ خوش آئند ہے اس سے دہشت گردوں کی سرگرمیوں اور فنڈنگ پر پابندی لگانے میں مدد ملے گی۔ داخلہ سیکرٹری راجیو مہرشی نے کہا صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے امریکی حکومت کے فیصلے سے اس سے دہشت گردوں کی سرگرمیوں اور فنڈنگ پر پابندی لگانے میں مدد ملے گی۔ مہرشی نے کہا حزب المجاہدین کا سربراہ سید صلاح الدین ایک بزدل شخص ہے جو پاکستان بھاگ گیا۔
سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے کے اعلان کے خلاف گزشتہ روز ملی یکجہتی کونسل ¾ جماعت اسلامی ¾ جے آئی یوتھ اور اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام ملک بھرمیںاحتجاجی مظاہرے کیے گئے جلوس نکالے گئے اورریلیاں منعقد کی گئیں راولپنڈی میں بھی ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام مری روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شرکا نے زبردست نعرہ بازی کی امریکاکا جو یار ہے ، غدا ر ہے ،غدار ہے انڈیا کا جو یار ہے ، غدار ہے کشمیریوں سے رشتہ کیا ؟ لا الہ الا اللہ۔ قدم بڑھاﺅ صلاح الدین ، ہم تمہارے ساتھ ہیں مظاہرین نے بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا صلاح الدین کشمیر کے ہیرو اور تحر یک آزادی کشمیر کے سالار اعلیٰ ہیں اس احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رورل شمس الرحمان سواتی ¾ نائب اُمراءرضااحمد شاہ ¾ شیخ مسعود احمد ¾رضوان احمد ¾ جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان ¾ڈپٹی سیکرٹری عثمان آکاش ¾امیر پی پی 14 سید ارشد فاروق ¾ظفر بھٹی ¾ طاہر بلوچ ¾ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ شمالی پنجاب سعد بن ہارون اور ناظم شہر جواد لیاقت نے بھی اظہار خیال کیاشمس الرحمان سواتی نے کہا کہ ٹرمپ اور مودی نے تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی کی تحریک قرار دیا ہے۔ اس پر ہمارے حکمران خاموش ہیں ۔ حکومت پاکستان اپنی کشمیر پالیسی کو واضح کرے .